وفاقی وزراء سپریم کورٹ کے فیصلے پر رائے زنی کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، کنور دلشاد

August 04, 2024

کنور دلشاد : فوٹو فائل

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے پر عملدرآمد ہونا لازمی ہے، وفاقی وزراء کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے، وفاقی وزراء سپریم کورٹ کے فیصلے پر رائے زنی کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کنور دلشاد نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور سنی اتحاد کا معاملہ ہے، وہ اپنا فیصلہ کرتے رہیں، وفاقی حکومت کو مداخلت نہیں کرنا چاہیے۔

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا سپریم کورٹ کا فیصلہ اکثریتی ہے، آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا پڑتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں چلا گیا ہے تو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں، یہ ایک پیچیدہ مسئلہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں خیبر پختونخوا کی 11 نشستیں خالی ہیں، وہاں کا سینیٹ نامکمل ہے، قومی اسمبلی میں خواتین کی نشستیں ملنے پر اہم تبدیلی آرہی ہے، ان سارے معاملات پر سپریم کورٹ کو از سر نو دوبارہ فیصلہ کرنا پڑے گا۔