ملک بھر میں شدید بارشیں، کئی علاقے زیرآب، 21 ہلاکتیں، سندھ کے بھی کئی اضلاع متاثر

August 05, 2024

اسلام آباد،پشاور،ڈیرہ اسماعیل خان ،لدھا، ٹانک،کرک (نمائندگان جنگ ،نیوزایجنسیز) ملک بھر میں موسلا دھاربارشوں کے باعث 14افراد جاں بحق ہوگئے، بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئےہیں، برساتی نالوں میں طغیانی سے کھڑی فصلیں تباہ ، سینکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے ہیں اور نظام زندگی معطل ہوگیاہے، کئی مقامات پر شاہراہیں پانی میں بہہ گئیں اور زمینی رابطے منقطع ہوگئےہیں،بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہواہے،جنوبی پنجاب میں فلیش فلڈنگ کے باعث سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے الرٹ جاری کردیا گیاہے، جامشورو میں بارش کے باعث کئی مکانوں کی چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئےنوشہرو فیروز میں چھتیں گرنے کے تین واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے، جیکب آباد میں مکان کی چھت گرنے سے2 افراد ملبے تلے دب کرجاں بحق ہوگئے، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں جاری تیز بارشوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوئےجبکہ یکم جولائی سے صوبے میں بارشوں سے اب تک مجموعی طورپر 53 افراد جاں بحق اور 89 زخمی ہوئے. ہیں تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات مختلف اضلاع چترال اپر و لوئر، ملاکنڈ، دیر لوئر، جنوبی وزیرستان، ٹانک، کرک اور چارسدہ میں رونما ہوئے، کرک میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 3افراد زخمی ہوئے جبکہ دو بچوں سمیت 4 افراد برساتی نالوں میں ڈوب گئے تین کی نعشیں نکال لی گئیں، ٹانک میں مکان کی چھت گرنے سے بچے سمیت 3خواتین جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ، ایف الیون ایریا میں بارش کے پانی میں نہاتےہوئے دوبچے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے، سیلابی صورتحال کی وجہ سے کئی مقامات پر شاہراہیں پانی میں بہہ گئی ہیں جس کی وجہ سے زمینی رابطے منقطع ہو نے سے نظام زندگی معطل ہو گیا ہے مختلف علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے ،دادو میں مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، کاچھو کے سینکڑوں دیہات کا دادو اور جوہی شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، ٹانک گرہ بلوچ کے قریب اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے ٹانک جنوبی وزیرستان روڈ ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند ہوچکی ہے جبکہ گرڈسٹیشن میں سیلابی ریلا داخل ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے انتظامیہ نے گرڈ سٹیشن سے بجلی کی ترسیل عارضی طور پر بند کر دی ہے۔