اسماعیل ہنیہ کا قتل اسرائیل کی بڑی غلطی ہے، جواب دیا جائے گا، ایرانی صدر

August 05, 2024

فائل فوٹو

ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل اسرائیل کی بڑی غلطی ہے، جواب دیا جائے گا۔

اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفادی نے دورۂ تہران میں ایرانی صدرمسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں علاقائی کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا گیا۔

ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، توقع ہے تمام اسلامی ممالک اور دنیا کے آزادی پسند لوگ ایسے جرائم کی مذمت کریں گے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ صیہونیوں کی اس غلطی کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

اردنی وزیر خارجہ نے حماس سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل اسرائیلی وزیرِ اعظم کی خطے میں تنازعات کا دائرہ وسیع کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، دورہ ایران خطے میں سنگین کشیدگی پر مشاورت کے لیے ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کسی بھی اردنی وزیر خارجہ کا 20 سال میں ایران کا یہ پہلا دورہ ہے۔

اردنی وزیرخارجہ نے تہران میں ایرانی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دورے کا مقصد علاقے میں سنگین کشیدگی پر مشاورت کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے بات چیت شروع کرنی ہے، اردن نے ہمیشہ فلسطینی کاز اور فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کیا۔

ایمن الصفادی کا کہنا ہے کہ ہم نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کی، اسرائیل کے ان تمام اقدامات کو مسترد کیا جو سلامتی، استحکام اور امن کو روکتے ہیں۔