فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی اور اب بھی رہے گی، بنگلادیشی آرمی چیف

August 04, 2024

بنگلادیشی فوج کے سربراہ جنرل وقار الزماں نے کہا ہے کہ فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اب بھی کھڑی رہے گی۔

بنگلادیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹریٹ کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز افسران سے خطاب کیا۔

آرمی چیف بنگلادیش کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی اور اب بھی رہے گی۔ عوام کے جان و مال اور اہم سرکاری تنصیبات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبا کی سول نافرمانی کی تحریک شروع ہوگئی، جھڑپوں میں 95 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

مظاہرین نے وزیراعظم حسینہ واجد سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کردیا جبکہ احتجاج کے دوران مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں ہلاکتوں کی تعداد 95 ہوگئی اور سیکڑوں افراد زخمی ہوئے۔

بنگلادیشی پولیس کا کہنا ہے کہ پُرتشدد مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 14 پولیس افسر بھی شامل ہیں۔

بنگلادیش میں حسینہ واجد حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، حکومت نے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کےلیے کرفیو کا اعلان کردیا۔ انٹرنیٹ و موبائل سروس بھی بند کردی گئی، پیر سے بدھ تک تعطیل کا اعلان کردیا، عدالتیں بھی غیر معینہ مدت کےلیے بند رہیں گی۔

تازہ جھڑپیں کوٹا سسٹم مخالف مظاہرین اور حکمران جماعت کے کارکنوں کے درمیان ہوئی ہیں۔