میں بھی ایمان خلیف جیسی بیماری میں مبتلا ہوں: اشنا شاہ کا انکشاف

August 05, 2024

ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے پیرس اولمپکس کے دوران تنازعات میں الجھی الجزائر کی باکسر ایمان خلیف جیسی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

اشنا شاہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کہا کہ کیا ہم خواتین میں ٹیسٹوسٹیرون ہارمونز کی بلند سطح کو ان کے لیے شرمندگی کا باعث بنانا بند کرسکتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ میں یہ بات ان خواتین کے لیے شیئر کررہی ہیں جو اس مسئلے سے گزر رہی ہیں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ہمارے ملک میں ہر 5 میں سے ایک خاتون پی سی اوز کا شکار ہے اور وہ آپ کے دوستوں یا خاندان میں سے بھی کوئی ہو سکتی ہے اور ایسا بھی ہوسکتی ہے کہ اُنہیں اس کا علم ہی نہ ہو۔

اُنہوں نے لکھا کہ ٹیسٹوسٹیرون ہارمونز کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے میرے پٹھوں کی نشونما زیادہ ہوئی، میرے خون میں اینڈروجنز نامی ہارمون کا اخراج بھی زیادہ ہے جس سے جسم پر زیادہ بال اگتے ہیں تو اگر میری تربیت ایک ایتھلیٹ کی طرح ہوتی اور میں نے پی سی اوز کو کنٹرول نہیں کیا ہوتا تو مجھ میں بھی کچھ خصوصیات مردانہ نظر آتیں۔

اشنا شاہ نے مزید لکھا کہ پی سی اوز یا تو جینیاتی مسئلہ ہے یا یہ ہمارے ماحول کے باعث ہارمونز کا توازن بگڑنے کی وجہ سے ہوتا ہے مگر اس کے باوجود بھی میں ایک مکمل عورت ہوں۔

اُنہوں نے لکھا کہ پی سی او ایک تکلیف بھی ہوسکتی ہے لیکن یہ ایک طاقت بھی ہے اور یہ صورتحال کسی بھی عورت کا جنس تبدیل نہیں کرتی۔

اداکارہ نے لکھا کہ جو بھی خواتین اس مسئلے کا سامنا کر رہی ہیں وہ اسے کنٹرول کر سکتی ہیں اور میری بہت سی دوست اداکارائیں بھی اس مسئلے کا شکار ہیں جن کی میں نے اسے کنٹرول کرنے میں مدد کی ہے۔

اُنہوں نے آخر میں اس مسئلے سے دوچار خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ تھوڑی سی تحقیق کے بعد آپ خود بھی پی سی اوز کو کنٹرول کرسکتی ہیں اور اس احمقانہ خیال کو ذہن سے نکال دیں کہ ٹیسٹوسٹیرون ہارمون کی بلند سطح آپ کا زنانہ پن متاثر ہوتا ہے۔