حسینہ واجد کے فرار ہونے کے بعد بنگلادیش کی پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی

August 05, 2024

بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کردی۔

بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے شیخ حسینہ کے ملک چھوڑنے کے چند گھنٹوں بعد ہی جنوری 2024 کے انتخابات کے بعد تشکیل پانے والی پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش میں طلبہ احتجاج کے بعد شیخ حسینہ واجد ملک سے فرار ہوگئیں، وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت پہنچ گئیں۔

ڈھاکا میں شیخ مجیب کے مجسمے توڑ دیے گئے، بڑا مجسمہ رسیوں سے کھینچ کر گرا دیا گیا، شیخ مجیب کی تصویروں پر بھی سنگ باری کی گئی، بھارتی پرچموں پر بھی ڈنڈے برسائے گئے۔

آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے آخری مرحلے پر حسینہ واجد کا ساتھ چھوڑ دیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا، ڈھاکا کی جانب لاکھوں افراد کے مارچ اور سیکڑوں مظاہرین کی ہلاکت کے بعد آرمی چیف نے حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے45 منٹ کا الٹی میٹم دیا، جس کے بعد وہ فوجی ہیلی کا پٹر میں بیٹھ کر بھارت فرار ہوگئيں۔

بھارت روانگی سے قبل حسینہ واجد کو تقریر ریکارڈ کرنے کا بھی موقع نہیں دیا گیا۔