کیا روبوٹس اولمپکس مقابلے جیت سکتے ہیں؟ ترک شوٹر یوسف ڈیکیچ اور ایلون مسک کا دلچسپ مکالمہ

August 06, 2024

ـــ فائل فوٹو

پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ترک شوٹر یوسف ڈیکیچ نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔

یوسف ڈیکیچ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایلون مسک سے ایک دلچسپ سوال پوچھا کہ’ہیلو ایلون، کیا آپ کو لگتا ہے کہ مستقبل کے روبوٹ اپنی جیب میں ہاتھ رکھ کر اولمپکس میں تمغے جیت سکتے ہیں؟‘

اُنہوں نے مزید لکھاکہ اس موضوع پر دو براعظموں کو آپس میں ملانے والے ثقافتی دارالحکومت استنبول میں بحث کرنے کے بارے میں کیا خیال ہے؟

ایلون مسک نےیوسف ڈیکیچ کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ روبوٹس ہر انداز سے ہر بار بالکل درست نشانہ لگائیں گے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہمیں استنبول آنے کا منتظر ہوں، یہ دنیا کے عظیم شہروں میں سے ایک ہے‘۔

واضح رہے کہ51 سالہ یوسف ڈیکیچ اولمپکس میں دیگر شوٹرز کے برعکس خصوصی قسم کی ٹوپی (وائزر)، مخصوص چشمے، ہیڈ فونز، اور بلائینڈرز کے استعمال کے بغیر ہی اپنے ملک کے لیے چاندی کا تمغہ جیتنے پر سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

وہ نظر کے عام سے چشمے، کانوں میں عام سے ائیر بڈز لگائے اور اپنا ایک ہاتھ پینٹ کی جیب میں ڈالے اولمپکس مقابلے میں حصہ لینے کے لیے شوٹنگ رینج میں اترے تھے۔