کے پی: ڈرائیونگ لائسنس کی جعلی تصدیق اسکینڈل کی تحقیقات ایف آئی اے سے کروانے کا فیصلہ

August 06, 2024

کولاج فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنسز کی جعلی تصدیق کے اسکینڈل کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا اور ہانگ کانگ میں محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جعلی ڈرائیونگ لائسنسز جاری ہونے سے متعلق چیف سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری نے تحقیقات ایف آئی اے اور صوبائی کمیٹی سے کروانے کی منظوری دے دی ہے۔

صوبائی کمیٹی میں محکمہ داخلہ، کے پی آئی ٹی بورڈ، پولیس اور محکمہ قانون سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہوں گے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے جعلی لائسنسز سے متعلق ابتدائی رپورٹ چیف سیکریٹری کو بھیجی تھی، جس میں ہانگ کانگ اور آسٹریلوی حکومت کی جانب سے موصول شکایات کو درست قرار دیتے ہوئے معاملے کی مزید انکوائری کروانے کی سفارش کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ملک بھر کے ہزاروں شہریوں کو جعلی لائسنس جاری کیے گئے جبکہ ناصرف دونوں ممالک کی حکومتوں کو بوگس لائسنسز کی تصدیق کی گئی بلکہ بعد میں انکا ریکارڈ بھی سسٹم سے ہٹا دیا گیا۔

رپورٹ میں ادارے کے سافٹ ویئر میں کئی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں دور کرنے کےلیے کے پی آئی ٹی بورڈ کی خدمات حاصل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ہانگ کانگ میں 89 اور آسٹریلیا میں متعدد جعلی لائسنسز کی تصدیق کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر وزارت خارجہ کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کو معاملے کی چھان بین کی ہدایت کی گئی تھی۔