برطانیہ میں حالیہ واقعات باعث تشویش ہیں، کونسلر راجہ اسلم

August 07, 2024

لوٹن (نمائندہ جنگ) کنزرویٹو پارٹی کے لوٹن کونسل میں اپوزیشن لیڈر کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے ایک میڈیا بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ میں ہونے والے حالیہ واقعات باعث تشویش ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں تفریق پیدا کرنےکیلئے لوگوں اور تنظیموں کی طرف سے غلط معلومات پھیلانے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے، اس کا برطانیہ پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے، ساؤتھ پورٹ میں چاقو کے حملے سے اسلام یا مسلمانوں کو جوڑنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے پھر بھی سڑکوں، ان کے گھروں اور عبادت گاہوں پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، یہ بالکل ناقابل قبول ہے، پولیس اور ہمارے قانونی نظام کو ان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے، تشدد کو بھڑکانے والی تنظیموں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں اور ان تنظیموں پر پابندی لگانے پر غور کیا جائے جو نفرت پھیلاتی ہیں اور ہمارے عام لوگوں کے معاشرے کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے کہا یہ حکومت کی ناکامی ہے کہ وہ ملک کی سڑکوں پر ان بدصورت مناظر کو ختم نہیں کر سکی ،اس سے برطانیہ کا منفی امیج ابھر رہا ہے، برطانیہ ایک روادار اور کثیر الثقافتی معاشرہ ہے اور دنیا بھر میں ان کمیونٹیز کا گھر بن چکا ہے جنہوں نے اس ملک کی خدمت کیلئےاپنی جانیں دیں۔