انٹر سٹی بس اڈے کراچی سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ

August 07, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے انٹر سٹی بس اڈے کراچی شہر سے باہر منتقل کرنے اور مسافروں کو مفت شٹل سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سینئر صوبائی وزیر اور وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مسافروں کے لئے پرانے بس اڈوں سے مفت شٹل سروس چلائی جا ئے گی ، جس کا آغاز 14 اگست سے ہوگا۔ سینئر وزیر کی زیر صدارت منگل کو یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے شرکت کی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بس اڈے ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے نے کہا کہ ہیوی گاڑیوں کے سبب کراچی کے شہریوں کو تکلیف کا سامنا ہے اور سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی بڑھتا ہے، اس لیےتمام بس اڈے شہر سے باہر منتقل کئے جارہے ہیں، کراچی بس ٹرمینل میں مسافروں کے لئے مزید جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔