الیکشن ایکٹ کی منظوری، لگتا ہے مخصوص نشستوں کا معاملہ لٹک جائیگا، تجزیہ کار

August 07, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کار فخر درانی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے، پارلیمنٹ سے الیکشن ایکٹ کی منظوری کے بعد لگتا ہے مخصوص نشستوں کا معاملہ لٹک جائیگا، ریما عمر نے کہا کہ اس قانون کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلے کو غیر موثر کرنا ہے، عمر چیمہ نے کہا اداروں کے درمیان ایک محاذ آرائی چل رہی ہے جسکے ترکش میں جو تیر ہے وہ چلا رہا ہے، ارشاد بھٹی نے کہا یہ ترامیم سپریم کورٹ اور عدلیہ پر باقاعدہ محاذ آرائی کا اگلہ مرحلہ اور حملہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کیا۔ میزبان علینہ فاروق شیخ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے میں ایک اور موڑ آیا ہے ۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کردی گئی ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں یہ بل پیش کردیا گیا ہے ۔ قومی اسمبلی سے بل پاس ہوگیا۔ اس بل پر تناز ع یہ کھڑا ہوگیا ہے اپوزیشن احتجاج کررہی ہے۔ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ یہ بل خلاف آئین اور بدنیتی پر مبنی ہے۔