انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں پاکستانی طلباء نے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا

August 07, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) 56 واں انٹر نیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں پاکستانی طالب علموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا، 56 واں اولمپیاڈ21 تا30 جولائی(2024) سعودی عرب کے شہرریاض میں منعقد ہوا جس میں کراچی گرامر اسکول کے عبدالرافع نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ ٹیم کے دیگر اراکین میں لاہور گرامر اسکول وا کینٹ کی ماہ نور راشد،پنجاب کالج برائے خواتین، جرانوالیہ روڈ فیصل آباد کی مروا اور دبئی انٹرنیشنل پبلک اسکول اینڈ کالج مانسہرہ کے سید مہر علی شاہ شامل تھے، طالبِ علموں کو ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں کیمسٹری کی تربیت دی گئی تھی۔ یہ بات نیشنل کیمسٹری ٹیلنٹ کانٹیسٹ کے کوارڈینیٹرز پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ اورپروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان نے منگل کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کے زیرِ صدارت ایک اجلاس کے دوران کہی۔