شاہ فیصل اور ماڈل ٹاؤن کے برساتی پانی کی فوری نکاسی نہ ہو سکی

August 07, 2024

کراچی(طاہر عزیز/ اسٹاف رپورٹر)حالیہ بارشوں میں شاہ فیصل اور ماڈل ٹاؤن کی مختلف آبادیوں کے ملیر ندی جانے والے پانی کی فوری نکاسی نہ ہو سکی جس سے علاقہ مکینوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ ذرائع نے بتایاملیر ایکسپریس وے کے نیچے پانی نکاسی کے لئے جو پائپ ڈالے گئے ہیں وہ زمین سے دوفٹ اوپر ہیں جبکہ پانی نکاسی کے دیگر چینل اور کلورٹ بھی تنگ بتائی جاتی ہیں کلیئر راستہ نہ ملنے کے باعث مذکورہ آبادیوں کےحالیہ برساتی پانی کے نکاس میں تاخیر ہوئی جس کا چند دن پہلے دورے کے دوران وزیر بلدیات سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر ملیر ایکسپریس وے کو اس مسئلے کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملیر ندی جانے والےپانی کے قدرتی نالے بند یا تنگ کر دئیے گئے تو ہر بارش میں نارتھ ناظم آباد شیر شاہ سوری روڈ جیسا حال ہو گا جہاں گرین بس اور فلائی اووز کی تعمیر کے دوران بعض برساتی نالے بند ہو نے سے ہر بارش میں سڑک ڈوب جاتی ہے۔ دریں اثنا پروجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو نے کہا ہےکہ حالیہ بارش میں پانی کو ملیر ندی میں جانے میں کوئی پرابلم نہیں ہے ہم نے باقاعدہ کلورٹ دیئے ہیں جبکہ ٹاؤن چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن نےمیرا باقاعدہ شکریہ ادا کیا۔