اولمپکس: جیولین تھرو کا فائنل کل، ارشد کے مدمقابل کھلاڑیوں کے پرسنل بیسٹ پر ایک نظر

August 07, 2024

فوٹو: فائل

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کا فائنل کل رات ہوگا جس میں پاکستان کے ارشد ندیم سمیت 12 ایتھلیٹس ایکشن میں ہوں گے۔

پہلے مرحلے میں تمام 12 ایتھلیٹس تین، تین بار جیولین پھینکیں گے۔ تین باریوں کے بعد 8 بہترین تھرو کرنے والے ایتھلیٹس مزید تین باریاں لیں گے۔ مجموعی چھ باریوں میں سب سے بہتر تھرو پلیئر کی حتمی تھرو قرار پائے گی۔ اسٹارٹ لسٹ میں ارشد ندیم کا نمبر چوتھا ہے۔

پاکستان کے ارشد ندیم 86.59 کے سیزن بیسٹ کے ساتھ فیلڈ پر اتریں گے، فائنل میں شامل چار کھلاڑیوں کی سیزن بیسٹ تھرو ارشد سے بہتر ہے۔

انڈیا کے نیرج چوپڑا کی سیزن بیسٹ 89.34 میٹر جبکہ جیکب ویڈلیخ کی سیزن بیسٹ 88.65 ہے۔ گرینیڈا کے اینڈریسن پیٹرز کی سیزن بیسٹ 88.63 ہے جبکہ جرمنی کے جولین ویبر کی سیزن بیسٹ 88.37 ہے۔

فائنل میں شامل 12 کھلاڑیوں میں سے پانچ کھلاڑی 90 میٹر سے طویل تھرو کا پرسنل بیسٹ رکھتے ہیں۔

ارشد ندیم کی پرسنل بیسٹ تھرو 90.18 میٹرز ہے۔ گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز 93.07 میٹر، کینیا کے جولیس یگو 92.72 میٹرز اور جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیخ 90.88 میٹرز کی تھرو کرچکے ہیں۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 86.59 میٹر کی تھرو کی تھی۔ نیرج چوپڑا 89.34 میٹر، پیٹرز اینڈرسن 88.63 میٹر اور جولین ویبر 87.76 میٹرز کی تھرو کے ساتھ فائنل میں آئے ہیں۔

پیرس اولمپکس کا میڈل جیتنے کےلیے ارشد ندیم کو ان تمام سے بہتر تھرو پھینکنا ہوگی۔