بے نظیر ایئر پورٹ دنیا کے دس بدحال ترین ایئرپورٹس کی فہرست سے خارج

October 21, 2016

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئر پورٹ کو دنیا کے دس بدحال ترین ایئرپورٹس کی فہرست سے خارج کردیا گیا۔ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ہرسال سلیپنگ اِن ایئرپورٹس،مسافروں سے انہیں ائیر پورٹس پر ٹرمینل کے احاطے میں دستیاب سہولیات ، جیسے صفائی ستھرائی ، کسٹمر سروس وغیرہ سے متعلق سوالات کرکے ان کے تجربے کی بنیاد پر ایک سروے کا انعقاد کیاجاتاہے،دنیا کے 10 سر فہرست بدترین ایئرپورٹس کی کیٹیگری میں جو ایئر پورٹس شامل ہوتے ہیں ان سے متعلق ووٹرز نے انتہائی منفی رائے دی ہوتی ہے،2012 میں بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد کا شمار بھی دنیا کے 10 بدحال ترین ایئرپورٹس میں تیسرے نمبر پر کیاگیاتھا جب کہ 2013 میں اسے مذکورہ فہرست میں چوتھے بدحال ترین ایئرپورٹ میں شمار کیا گیا اور 2014 میں یہ بدترین ائرپورٹس میں پہلے نمبر پر آگیا تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ترجمان کے مطابق اب سول ایوی ایشن اتھارٹی کی مسلسل کوششوں کے باعث اسلام آباد کو دنیا کے 10 بدحال ترین ایئرپورٹس کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔