مصباح نے عمران کا ٹیسٹ میچز میں کپتانی کا ریکارڈ برابر کردیا

October 22, 2016

ابوظبی ( نیوز ایجنسیز) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے پاکستان کی جانب سے زیادہ میچز میں کپتانی کا عمران خان کا ریکارڈ برابر کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک لیجنڈری کرکٹر کے برابر آنا میرے لئے بہت ہی اعزاز اور فخر کی بات ہے، میں اس قسم کے ریکارڈ کی طرف نہیں دیکھتا تاہم جب وقت کے ساتھ ساتھ آپ کے کیرئیر میں اس طرح کے بڑے لمحات آتے ہیں تو بہت خوشی اور راحت ملتی ہے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق اب تک 67 میچز میں سے 48 ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں سے 23 میں فتح ان کا مقدر بنی۔13 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اتنے ہی ٹیسٹ میچز میں عمران خان کو 14 میچز میں کامیابی اور 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بطور کپتان مصباح الحق کی کامیابی کا تناسب 47.93 فیصد جب کہ عمران خان کی کامیابی کا تناسب 29.78 فیصد رہا۔