تجربے کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں وائٹ واش کی توقع نہیں تھی، وقار یونس

January 12, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اور سابق کپتان وقار یونس کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم متحد ہوکر نہیں کھیلی،بہت سارے لوگوں کو تین صفر کے وائٹ واش کی توقع نہیں تھی ۔کیوں کہ اس ٹیم میں بہت سارے تجربہ کار کھلاڑی شامل تھے۔بدقسمتی سے سیریز کا نتیجہ توقعات کے برعکس رہا۔بہت زیادہ غلطیاں کی گئیں جس سے لگا کہ ٹیم متحد ہوکر نہیں کھیلی۔ایک ویب سائٹ کو انٹر ویو دیتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز برابر کی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کی کارکردگی بہتر رہی لیکن آسٹریلیا میں ٹیم توقعات پوری نہ کرسکی۔سب سے بڑا مسلہ فیلڈنگ کا رہا۔جب فیلڈر کیچ چھوڑتے ہیں اور ان سے مس فیلڈنگ کرتے ہیں تو بولر دلبرداشتہ ہوجاتے ہیں۔لیگ اسپنر یاسر شاہ پر بہت زیادہ فوکس رہا لیکن وہ توقعات پوری نہ کرسکے۔۔انہوں نے ای ین چیپل کے اس بیان پر تبصرہ کرنے سے انکا ر کردیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان ٹیم کو آئندہ آسٹریلیا مدعو کرنے سے قبل سوچنا چاہیے۔