پولیو کا عالمی پروگرام 45کروڑ بچوں تک ویکسین پہنچاتا ہے

June 16, 2017

بل گیٹس نے کہا ہے کہ پولیو کا عالمی پروگرام 45 کروڑ بچوں تک ویکسین پہنچاتا ہے۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق کی اٹلانٹا میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات ہوئی جس میں دنیا کو پولیو سے پاک کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے دنیا میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں مدد کرنے پر بل گیٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ قیادت کی دلچسپی اور عزم کی وجہ سے یہ مرض خاتمے کے قریب ہے اسی عزم سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ عالمگیر مہم کے نتیجے میں ایک کروڑ 60 لاکھ بچے جو معذور ہوسکتے تھے آج اپنے پائوں پر چل رہے ہیں۔ اضافی فنڈنگ سے ہمیں دنیا بھر سے پولیو کے ہمیشہ کے لئے خاتمے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو کا عالمی پروگرام 45 کروڑ بچوں تک پولیو ویکسین پہنچاتا ہے اور 70 ممالک میں پولیو وائرس کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1988 میں دنیا میں ہر ایک گھنٹہ میں 40 کیسسز سامنے آتے تھے جبکہ سال 2016 میں پورے سال میں دنیا بھر سے اس بیماری کے 40 کیسسز سامنے آئے ہیں۔