بھارتی کرکٹر ہربھجن کا گلوکاری کے میدان میں قدم

July 13, 2017

بھارتی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر ہربھجن سنگھ اب کرکٹ کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی دکھائی دیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر ہربھجن گلوکار میتھون کے ساتھ گانا گانے کے لئے تیار ہیں اور وہ آج کل گلوکاری کی مشق بھی کر رہے ہیں۔

ہربھجن اور میتھون کا گانا ہندی اور انگریزی زبان میں گایا جائے گا جو رواں سال دسمبر میں ریلیز کیا جائے گا تاہم اس سے قبل ہربھجن نے گلوکاری کے لئے خصوصی وقت نکالتے ہوئے پریکٹس شروع کردی۔

گلوکار میتھون کا کہنا ہے کہ ہربھجن اور وہ کافی پرانے دوست ہیں اور ایک مرتبہ کرکٹر نے ان سے گانا گانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد انہیں نئے گانے کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

میتھون کے مطابق ہربھجن کے ساتھ گائے جانے والے گانے کی ویڈیو بھارت کے مختلف علاقوں میں شوٹ ہوگی جب کہ گانا ان لوگوں کے بارے میں ہے جو بھارت کے ہیرو ہیں۔