12ارب کے6 بڑےمنصوبوں پر محکمانہ کارروائی جاری

July 20, 2017

فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب کی منظور ی کے بعدفیصل آباد شہر میں 12ارب روپے کی لاگت سے 6 میگاڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر عملدرآمد کے سلسلے میں محکمانہ کارروائی کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے ۔اس ضمن میں متعلقہ محکمے تمام تکنیکی اورانتظامی امور کو مربوط انداز میں مکمل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کریں۔یہ بات کمشنر مومن آغا نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور ان پر عملدرآمد بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں میں سوانوارب کی لاگت سے سیف سٹی پراجیکٹ،35کروڑ کے فنڈز سے کینال روڈ کے دونوں اطراف عبداللہ پور سے گٹ والا تک سروس روڈ کی تعمیر،95کروڑ سے کینال روڈ پر کشمیر پل کے قریب نہر کے ساتھ انڈر پاس،50کروڑ کے فنڈز سے سمندری روڈ پر ناولٹی پل کے قریب نہر کے ساتھ انڈر پاس،50کروڑ سے جدید سپورٹس کمپلیکس کا قیام اور 32کروڑ سے بائی پاس سے موٹروے فورانٹرچینج تک امین پور روڈ کو دورویہ بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ متعلقہ محکمے انتظامی وتکنیکی کارروائی تیز رفتاری سے مکمل کریں ۔ منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں شہری سہولیات متاثر اور ٹریفک کی روانی میں تعطل نہیں آنا چاہئے ۔