پی ٹی آئی فنڈریزنگ قوانین کیخلاف ہے کارروائی کریں،اکبربابرکاسعودی سفیرکوخط

August 23, 2017

اسلام آباد (عاصم جاوید ) پاکستان تحریک انصاف فاؤنڈر گروپ کے رہنما اکبر ایس بابر نے سعودی عرب میں تحریک انصاف کی مبینہ فنڈ ریزنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں تحریک انصاف کی فنڈ ریزنگ پاکستانی اور سعودی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، سعودی حکومت اس حوالے سے تحقیقات کر کے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر ایڈمرل (ر) نواف سید احمد المالکی کے نام خط میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی جانب سے سعودی عرب میں مبینہ غیر قانونی فنڈ ریزنگ کا معاملہ باعث تشویش اور فوری توجہ کا متقاضی ہے۔

عمران خان اور سعودیہ میں ان کے ساتھی ذوالٹیک گروپ کے مالک ذوالقرنین علی خان کی سعودی عرب میں مبینہ فنڈ ریزنگ کے حوالے سے تصاویر سامنے آئی ہیں۔ دستیاب شواہد کے مطابق چند سالوں میں سعودی عرب سے تحریک انصاف کے لئے 2 لاکھ 26 ہزار 240 سعودی ریال اکٹھے کئے گئے جبکہ حقیقی اعداد و شمار اس سے زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اس پیسے کی کوئی منی ٹریل ہے نہ تحریک انصاف نے پاکستانی قوانین کے مطابق الیکشن کمیشن میں اس کا تذکرہ کیا ہے۔