بلیو وہیل سے نمٹنے کے لیے فیس بک کی کوششیں

September 14, 2017

پاکستان سمیت پوری دنیا میں تیزی سے مشہور ہونے والا اسمارٹ فون گیم’ بلیو وہیل‘ سے نمٹنے کے لیے فیس بک میدان میں آگیا ہے۔

بلیو وہیل کے حوالے سےسماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بلیو وہیل گیم کےخطرناک چیلنجز سے عوام کو خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے سے محفوظ رکھنے کے طریقوں کوفروغ دے گی۔

فیس بک سے ایسا مواد ہٹانے پر بھی کام کیا جائے گاجس میں خود کو یا کسی دوسرے کو نقصان پہنچانےسے متعلق چیلنج دیا جا رہا ہو۔

فیس بک کے مطابق ان نئے اقدامات کے ذریعے نہ صرف لوگ خودکشی کے خیالات سے محفوظ رہ سکیں گے بلکہ وہ اپنے قریبی ساتھیوں کو بھی اس قسم کی صورتحال سے دو چار ہونے سے روک سکیں گے۔

اس مقصد کے لیے فیس بک ہیش ٹیگز اور مختلف فیس بک گروپس کو استعمال کرے گا جن کے ذریعے لوگوں کو بلیو وہیل سے بچائو کی آگاہی فراہم کی جائے گی۔

انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہونے والا گیم بلیو وہیل نہایت خطرناک چیلنجز پر مبنی ہے جس کا پہلا چیلنج ہی بلیڈ سے اپنی کلائی پر وہیل کی تصویر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ یہ گیم صارف کو اپنی قابل اعتراض تصاویر بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کو کہتا ہے۔

پچاس چیلنجز پر مبنی اس کھیل کا آخری چیلنج خودکشی کرنا ہے۔ دنیا بھر میں اب تک درجنوں صارفین اس کھیل کو کھیلنے کے باعث موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔