سندھ ہائیکورٹ نے سٹی اور بیکن ہاؤس اسکول کی فیسوں میں غیر قانونی اضافہ روکدیا

September 23, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نےدو نجی اسکولوں (سٹی اور بیکن ہاؤس ) کی فیسوں میں غیر قانونی اضافےپر عمل درآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ تعلیم اور اسکول انتظامیہ کو 27 ستمبر کے لئے نوٹس جاری کرد یئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو جمعے کو دو نجی اسکولوں (سٹی اور بیکن ہاؤس)کے مختلف کیمپس کے دو سو سے زائد طلباء کے والد ین کی اسکول انتظامیہ کی جانب سے فیسوں میں غیر قانونی اضافےکے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سٹی اور بیکن ہاؤس اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے طلباکی فیسوں میں 5 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے، فیسوں میں پانچ فیصد سے زائد اضافہ سندھ پرایئویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیشن کی خلاف ورزی ہے۔عدالت سے استدعا ہے کہ اس اضافےکو کا لعد م قرار دیا جائے، عدالت نے درخوا ست گذاروں کا موقف سننے کے بعد دونوں اسکولوں کی انتظا میہ کو طلباکی فیسوں میں پانچ فیصد سے زائد اضافےپر عمل درآمد سے روک دیا ہے۔ عدالت نےمحکمہ تعلیم سندھ، بیکن ہاؤس اور سٹی اسکول انتظامیہ کو 27 ستمبر کے لئے نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔