فلم ’پدماوتی‘میں تیار کی گئی رنگولی تباہ

October 17, 2017

بالی ووڈ فلم ’پدماوتی‘ ایک بار پھر تنازعہ کا شکار ہوگئی۔فلم میں دپیکا پڈوکون کے پوسٹر پر ایک ہندوستان فنکارنے رنگولی تیار کی جسے چند منٹوں میں تباہ کر دیا گیا۔

حال ہی میں اس فلم کے پوسٹرز اور ٹریلرز جاری کیے گئے جس پر فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کو ہندو انتہاپسند تنظیم کی جانب سے دھمکی دی گئی کہ اگر انہوں نے اس فلم میں علاؤالدین خلجی اور رانی پدماوتی کے درمیان کوئی نامناسب سین پیش کیا تو وہ سینما گھروں کو آگ لگا دیں گے۔

فلم میں دپیکا پڈوکون کے پوسٹر پر ایک ہندوستان فنکار ’کرن‘نے رنگولی تیار کی، جسے مکمل کرنے میں 48 گھنٹے لگے، تاہم فلم کے خلاف جاری احتجاج کے باعث اس آرٹسٹ کی گھنٹوں کی محنت برباد کردی گئی۔

کرن نے اس تصویرکو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئرکیا اور مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے لکھا کہ ’100 لوگوں کے ہجوم نے میری 48 گھنٹوں کی سخت محنت کو تباہ کردیا‘۔

اس فلم میں دپیکا پڈوکون نے رانی پدماوتی، رنویر سنگھ نے علاؤالدین خلجی اور شاہد کپور نے راجا راول رتن سنگھ کا کردار ادا کیا۔جبکہ رنویر سنگھ اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ولن بنتے نظر آئیں گے۔

واضح رہے فلم رواں سال یکم دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔