شریف فیملی کیخلاف ریفرنسوں کی سماعت کل ہوگی

October 18, 2017

سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی بیٹی اور داماد کے خلاف ریفرنسوں کی سماعت کل احتساب عدالت میں ہوگی۔

نوازشریف کی عدم حاضری کے باوجود ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے،سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لندن فلیٹس، فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز کی سماعت 19 اکتوبر کو ہو رہی ہے۔

نوازشریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی علالت کے باعث لندن میں موجود ہیں، نیب قوانین کی شق17 سی کے تحت ملزم کے پیش نہ ہونے کے باوجود فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر صرف لندن فلیٹس ریفرنس میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے لندن میں رہائش پذیر حسن نواز اور حسین نواز کو مفرورملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ کر رکھا ہے۔

گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت میں ہلڑ بازی کے باعث فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی تھی، اس بار احتساب عدالت کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوا، تاہم رینجرز تعینات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پولیس اور ایف سی اہلکار سیکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے، احاطہ اور کمرہ عدالت میں وکلاء اور میڈیا نمائندگان کے داخلے کے لیے خصوصی فہرستیں تیار کی جائیں گی۔