یمن میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کا خدشہ، اقوام متحدہ کا انتباہ

November 18, 2017

اقوام متحدہ کی تین ایجنسیوں کے سربراہان نے سعودی اتحادی فوج سے درخواست کی ہے کہ اگر انہوں نے یمن کے راستے نہیں کھولے تو ہزاروں افراد مر جائیں گے۔

واضح رہے کہ یمن کی جانب سے ریاض میں میزائل حملے کے بعد سے سعودی اتحاد نے ہوا، زمین اور سمندر تمام اطراف سے یمن تک رسائی 6 نومبر سے بند کر رکھی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی تنظیم برائے صحت ، یونیسیف اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے سربراہان کا مشترکہ اعلامیے میں کہنا تھا کہ یمن میں تقریباً 70 لاکھ افراد قحط کا شکار ہیں تاہم اگر پورٹس نہیں کھولے گئے تو قحط کا شکار افراد میں 32 لاکھ نفوذ کا مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

واضح رہے یمن پر جارحیت کرنے والا سعودی اتحاد محاصرہ ختم کرنے کے اعلان کے باوجود ایندھن اور غذائی اشیا لانے کی اجازت نہیں دے رہا ہے اور اب تک ایسے سات بحری جہازوں کو یمن کی بندرگا حدیدہ کی جانب آنے سے روک چکا ہے۔

جنگ اور محاصرے کی وجہ سے دواؤں کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے جبکہ ہیضے سمیت متعدد بیماریوں نے بھی انہیں گھیر رکھا ہے۔