تجارت میں خوشحالی معاشرے کی بہتری کیلئے ضروری ہے، مقررین

December 13, 2017

برمنگھم (نمائندہ جنگ)اوورسیز کمیونٹی نے برطانیہ میںسیاست سمیت دیگر شعبوں میںبھی نام کمایا ہے۔ تجارت پیغمبری پیشہ ہے جو ایک جانب مالی خوشحالی کا سبب ہے تو دوسری جانب خوشحال معاشرے کا بھی ذریعہ ہے۔ ہم اگر خود خوشحال ہوں گے تو دوسروں کی مالی معاونت کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے نئے تجارتی مرکز یونائیٹڈ کشمیر ٹریولز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میںکیا۔ ارشد نظامی، احتشام الحق اور کامران غوری کے نئے کاروبار کا افتتاح کے موقع پر کمیونٹی کی کثیرتعداد بھی شریک تھی۔ احتشام الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برمنگھم کے علاقہ آلم راک میںٹریولنگ اور منی ٹرانسفر کے حوالے سے گزشتہ پچیس برسوں سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ارشد نظامی نے کہا کہ تجارت میں دس گنا برکت ہے، شرط یہ ہے کہ خلوص نیت اور ایمانداری کی جائے۔ کامران غوری نے کہا کہ شعبہ تجارت سے وابستہ ہوکر ہم بے روزگاری کے خاتمے کیلئے کردار اداکرسکتے ہیں۔ اس موقع پر سابق لارڈمیئر برمنگھم کونسلر شفیق شاہ نے کہا کہ برمنگھم برطانیہ کا دوسرا بڑا شہر اور یورپ کی سب سے بڑی لوکل کونسل ہے۔ یہاں سے ہماری نسل کا تجارت میں پیش رفت کرنا خوش آئند ہے اور ہمارا برطانیہ میں روشن مستقبل ہے۔ کونسلر محمد ادریس نے کہا کہ ہمارے کمیونٹی رہنمائوں نے ہر شعبہ جات میں اہم نام کمایا اور اب تجارت میںبھی بہت پیش رفت ہوئی ہے۔ اس موقع پر مولانا محمد ابراہیم میرپوری نے برکت کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر طارق، چوہدری اظہر، شبیر اختر سمیت کثیر تعداد میں رہنمائوںنے شرکت کی۔