جنگ میڈیا گروپ کے زیراہتمام میڈ ان فیصل آبادایکسپو کی شاندار لانچنگ

February 21, 2018

فیصل آباد(قدیرسکندر)جنگ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام 24 مارچ کولاہور میں منعقد ہونے والی2 روزہ ’’میڈ ان فیصل آباد‘‘ ایکسپو متعارف کروا دی گئی جس کی انتہائی شاندار اور پروقارلانچنگ تقریب گزشتہ روز ہوئی جس کے مہمان خصوصی فیڈمک کے چیئرمین اور ستارہ گروپ کے سی ای او میاں محمد ادریس تھے جبکہ اس موقع فیصل آباد چیمبرآف کامرس کے صدر شبیراحمد چاولہ ،ایکسپوکمیٹی کے چیئرمین حافظ انجینئر احتشام جاوید، نیشنل گروپ کے چیئرمین میاں جاویداقبال ،سابق ایف سی سی آئی صدر انجینئر رضوان اشرف سمیت شہر کے ممتاز صنعت کاروں ،ٹیکسٹائل سیکٹر کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے دوران مہمان خصوصی میاں ادریس سمیت دیگر مہمانان گرامی کی جانب سےمیڈ ان فیصل آباد ایکسپو کا کیک بھی کاٹا گیا۔لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد ادریس نے کہا ہے کہ فیصل آباد کا تشخص اجاگر کرنےکے لئے چیمبرآف کامرس اورجنگ میڈیا گروپ نے پلان تشکیل دیا ہے وہ لازمی کامیاب ہو گا ۔میری تمام صنعت کاروں ، برانڈز اونرزسےگذارش ہے کہ فیصل آباد نے آپ کو پہچان دی اب آپ فیصل آباد کی پہچان بنیں۔ ’’میڈ ان فیصل آباد‘‘ کی لانچنگ تقریب میں مختلف ٹیکسٹائل سیکٹر سے معتبرشخصیات کی شرکت نے میڈ ان فیصل آباد کو قبل از وقت ہی کامیاب کروا دیا ہے۔مجھے امید ہے میڈ ان فیصل آباد ایکسپو کے70 فیصدسٹالز کی پہلے ہی بکنگ ہو چکی ہے لہذا اب انہیں سلیکٹو ہوجانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پہلے فیصل آباد کی پہچان صرف ایک گائوں کی تھی لیکن صنعت کاروں کی انتھک اورمسلسل محنت سےاب فیصل آباد کی پہچان صرف پاکستان میں ہی نہیں پوری دنیا میں ہے اگر کوئی اس کا اندازہ لگانا چاہے تودیکھیں کہ ملک کی مجموعی ایکسپورٹ میں سے کتنی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ فیصل آباد سے ہو رہی ہے۔ جو ماحول ، انفراسٹرکچر سہولیات اور جو اکنامک سرگرمیاں فیصل آباد میں ہو رہی ہیں جس سے فیصل آباد ایک ٹیکسٹائل ہب بننے جا رہا ہےاور فیصل آبادپاکستان کا مستقبل ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کچھ لوگ بہت یاد آر ہے ہیں جن میں میاں شفیع کریسنٹ گروپ ،میاں یوسف سہگل گروپ، نشاط گروپ ، ابراہیم گروپ ، میاں یوسف سنٹرل ٹیکسٹائل ، حاجی بشیر فائیو سٹار ، حاجی مسعود اتحاد ٹیکسٹائل ،، حاجی غفور ،حاجی بشیر ستارہ ٹیکسٹائل ،رحمانیہ ٹیکسٹائل ،، طفیل ٹوکہ فیصل آباد کے مشہوربرانڈز ہیں۔یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ایمپائرز بنائیںاور ہمیں دے گئے آج کے نوجوان ایکسپورٹرز نے اپنے بزرگوں کی محنت کو چارچاند لگاتے ہوئے مزید پروان چڑھایا ہے جس پر تمام صنعت کار مبارکباد کے مستحق ہیں۔میاں ادریس نے واضح کیا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے فیصل آباد کی مصنوعات کی ترقی کے لئے ’’میڈان فیصل آباد‘‘ کو لاہور میں متعارف کروایا جارہا ہے کیونکہ فیڈریشن ، ایسوسی ایشن کا یہی کام ہوتا ہےکہ اپنے شہر کی مصنوعات کو پروموٹ کریں لوگوں کو بتائیں کہ فیصل آباد میں کونسی مصنوعات انتہائی مہارت سے تیار ہورہی ہیں۔بزنس کو فروغ دینے کے لئےانہیں متعارف کروایا جائےجس کے پیش نظرتمام صنعت کار اپنے کاروبار کو پرموٹ کرنے کے لئے ایکسپو میں بھرپورشرکت کریں ۔انہوں نے کہا کہ ’’میڈان فیصل آباد‘‘ایکسپوکےانعقاد کے بعداکنامک سرگرمیاں مزیدتیز ہو جائیں گی ۔