ای اوبی آئی فنڈز کی منتقلی کو سیکریٹری خزانہ نے تسلیم کیا، رضاربانی

March 16, 2018

ای اوبی آئی کے فنڈز کو پاکستان بیت المال اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو منتقل کرنے کے معاملے پر سینیٹر رضاربانی کہتے ہیں کہ وفاقی سیکرٹری خزانہ نےسپریم کورٹ میں تسلیم کیاکہ ای او بی آئی فنڈز منتقل کیے جارہےہیں۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ فنڈز وزارت ماحولیاتی تبدیلی اور بیت المال کو دیے جارہےہیں۔

رضاربانی کا کہنا ہے کہ ای اوبی آئی فنڈز کی منتقلی وفاقی حکومت کی طرف سے باہمی اعتماد کو توڑنے کی مجرمانہ غفلت ہے، 18ویں آئینی ترمیم کے تحت ای او بی آئی کی منتقلی صوبوں کو ہوچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای اوبی آئی سے متعلقہ معاملات آئین میں دی گئی فورتھ شیڈول کی کنکرنٹ لسٹ میں آتے تھے، وفاقی حکومت عملدرآمد کمیشن کے فیصلوں کے برعکس صوبوں کو اختیار دینے سے انکاری ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ لگ بھگ 3ارب روپےکی خطیررقم وفاقی محکموں کومنتقل کی جاچکی ہے، حکومت ایمنسٹی اسکیموں کے ذریعے بڑے کاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔

میاں رضا ربانی نے یہ بھی کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے مزدور کش اقدام کی مذمت کرتا ہوں۔