سپر لیگ پلے آف آج دبئی میں کراچی اور اسلام آباد کےدرمیان دلچسپ مقابلہ کا امکان

March 18, 2018

دبئی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ کا میلہ اب اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔30میچوں کے بعد اب پلے آف کی تیاریاں شروع ہیں۔ٹورنامنٹ کی سب سے مقبول ٹیم لاہور قلندرز اور سب سے مہنگی ٹیم ملتان سلطانز کا سفر ختم ہوچکا ہے۔جبکہ چار ٹیموں نے پلے آف میں جگہ بنالی ہے۔اتوار کو دبئی اسٹیڈیم کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کے درمیان پہلا پلے آف کھیلا جائے گا۔مشہور کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے درمیان،دل چسپ اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔اسلام آباد کی قیادت کرنے والے مصباح الحق اس ٹورنامنٹ میں آف کلر دکھائی دیئے ہیں۔اسلام آباد کی ٹیم اپنے دو صف اول کے کھلاڑیوں رومان رئیس اور آندرے رسل کی خدمات سے محروم ہے۔دونوں ان فٹ ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہیں۔فاتح ٹیم براہ راست نیشنل اسٹیڈیم میں25مارچ کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنائے گی۔کراچی کے کوچ مکی آرتھر کہتے ہیں کہ فائنل کراچی میں ہورہا ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ کراچی میں فائنل کھیلیں اور فائنل جیتیں تاکہ کراچی کے شہری اپنے شہر میں اپنی ٹیم کو چیمپین بنتے ہوئے دیکھیں۔جبکہ دوسرا پلے آف منگل کو دفاعی چیمپین پشاور زلمی اور گذشتہ سال کی فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔کراچی کنگز کو پلے آف میں اپنے مستقل کپتان عماد وسیم کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔کوچ مکی آرتھر کے مطابق عماد بدستور گردن کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ان کی جگہ پلے آف میںیوان مورگن کپتانی کریں گے۔اسلام آباد کی کپتانی تجربہ کار مصباح الحق کریں گے۔جن کی کپتانی میں دو سال پہلے اسلام آباد میں پاکستان سپر لیگ کا ٹائیٹل اپنے نام کیا تھا۔جمعے کو کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں کراچی گنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔شارجہ میں اگر کراچی گنگز یہ میچ ہار جاتی ہے تو وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتی تھی۔اسلام آباد نے میچ میں اپنے تین اہم کھلاڑیوں لیوک رونکی،سمت پٹیل اور محمد سمیع کو آرام دیا تھا۔ اس کے باوجوداسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز بھی پورے نہیں کھیلے اور 19 اوورز میں 124 رنز پر ساری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔کراچی نے تین وکٹ پر ہدف پورا کر لیا۔ٹورنامنٹ میں شامل تمام 6 ٹیموں کے 10، 10 میچز مکمل ہونے کے بعد جن چار ٹیموں نے ٹاپ فور میں جگہ بنائی ان میں پہلے نمبر پر اسلام آباد یونائیٹڈ، دوسرے نمبر پر کراچی کنگز، تیسرے نمبر پر پشاور زلمی اور چوتھے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہیں۔گروپ میچوں کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست رہی دوسرا نمبر کراچی کنگز کا ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 11 ہے۔پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 10، 10 پوائنٹس ہیں تاہم رن ریٹ کے اعتبار سے پشاور تیسرے اور کوئٹہ چوتھے نمبر پر ہے۔ملتان نے پانچویں اور لاہور قلندرز نے مسلسل تیسرے سال چھٹی پوزیشن حاصل کی۔کراچی اور اسلام آباد کی ٹیموں کو کئی صف اول کے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہے۔کراچی کنگز کے بابر اعظم ٹورنامنٹ میںچار نصف سنچریوں کے ساتھ339رنز بناکر دوسرے نمبر پر ہیں۔کامران اکمل نے سب سے زیادہ347رنز اسکور کئے ہیں۔اسلام آباد کے لیوک رونکی نے289رنز اسکور کئے ہیں۔جبکہ جے پی ڈومینی آٹھ میچوں میں249رنز بنا چکے ہیں۔نوجوان حسین طلعت194rرنز بناچکے ہیںاسلام آباد کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں ہم نے اپنے نوجوان بیٹسمینوں حسین طلعت اور آصف علی کو موقع دیا دونوں نے جارحانہ بیٹنگ سے اپنے آپ کو منوایا۔اسلام آباد یونائیٹیڈ کے فہیم اشرف دس میچوں میں سب سے زیادہ16وکٹیں لے کر ٹاپ پر ہیں جبکہ کراچی کے فاسٹ بولر عثمان خان شنواری نے8میچوں میں14کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ جب عثمان شنواری نے لاہور قلندر کے خلاف آخری گیند پر نوبال کرائی تو میں نے اسے سمجھایا اور اہمیت کا احساس دلایا۔مجھے خوشی ہے کہ اس میچ کے بعد عثمان شنواری نے دونوں میچوں میں اچھی بولنگ کی ہے۔