دھرنوں میں عمران کے علاوہ بھی کردار تھے، بے نقاب کروں گا، نوا زشریف

May 17, 2018

اسلام آباد(ایجنسیاں )مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا کوئی کردار ہے نہ نظریہ‘پی ٹی آئی امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی بہتان تراش‘ پگڑی اچھال اور گندی زبان والی پارٹی ہے‘دھرنوں میں عمران خان اور طاہرالقادری کے علاوہ بھی بڑے کردار تھے جنہیں مناسب وقت پر بے نقاب کروں گا‘عمران خان اور طاہر القادری تو مہرے تھے جو انگلیوں کے اشاروں پر ناچ رہے تھے ۔بدھ کو بدھ کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ تحریک انصاف ایمپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی پارٹی ہے‘ان کا عوام اور ووٹ کو عزت دو، پر یقین نہیں ہے‘‘انہوں نے کہا کہ اچھا ہوا جو پختونخواہ میں ان کی حکومت تھی‘ پختونخواہ کے عوام نے ان کی تبدیلی دیکھ لی،سب سامنے آ گیا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمارے خلاف دھرنے دلوائے گئے‘ ان دھرنوں میں بڑے بڑے کردار ہیں‘ان دھرنوں میں عمران خان ، طاہرالقادری اور کچھ اور کردار بھی ہیں، گھبرانے والا نہیں‘ وقت آنے پر ان کرداروں کے نام لوںگا‘ ابھی مناسب وقت نہیں ہے ۔سابق وزیراعظم کا یہ بھی کہناتھاکہ ڈان لیکس کے بعد سینیٹر پرویز رشید سے جب استعفیٰ لیا تو اس وقت کسی اور سے بھی استعفیٰ لینا چاہتا تھا مگر عملدرآمد نہیں کر سکا ‘سوچا ضرور تھا کہ طلب کر کے استعفیٰ لوں مگر بوجہ ایسا نہیں کر سکا کاش یہ کام میرے ہاتھوں ہو جاتا تو سیاست میں ان طاقتوں کے راستے بند ہو جاتے ۔