ناگن چورنگی کے اطراف آوارہ کتوں کی بہتات ،سگ گزیدگی کے واقعات

May 22, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی میں ناگن چورنگی کے اطراف آوارہ کتوں کی بہتات نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے سگ گزیدگی کے واقعات معمول کاحصہ بنتے جا رہے ہیں شکایات کے باوجود بلدیہ ضلع وسطی آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نارتھ کراچی ناگن چورنگی سیکٹر الیون ایچ اور الیون ای مسلم ٹاون میں آوارہ کتوں کی بہتات نے علاقہ مکینوں کا گھر سے نکلنا محال کردیا ہے شدید گرمی میں یہ آوارہ کتے ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر دندناتے پھرتے ہیں گزرنے والے راہگیروں کے پیچھے بھاگتے ہیں جس کے سبب بچوں اور بزرگ شہریوں کا گھر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے اور علاقے میں سگ گزیدگی میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اس سلسلے میں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کے متعدد بار شکایات کے باوجود کے ایم سی اور ضلعی بلدیات کارروائی سے گریزاں ہے انہوں نے چیر مین ڈی ایم سی ریحان ہاشمی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔