سونم کپور نے’مسلمانوں اور پاکستان‘ سے محبت کی وجہ بتادی

July 13, 2018

پچھلے کافی دنوں سے اداکارہ سونم کپوربھارتی انتہا پسندوں کے نشانے پر ہیں کیونکہ انہوں نے ایک آٹھ سالہ مسلم بچی کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھائی ہے، اس کے علاوہ انہوں نے یہ بات بھی کہہ دی کہ وہ مسلمانوں اور پاکستان سے محبت کرتی ہیں۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق بھارتی اداکارہ سونم کپور اور ان کے شوہر آنند آہوجا کو ’ہندو ہیٹرز‘ کہا جارہا ہے، کیونکہ انہوں نے’آصیفہ‘ نامی ایک آٹھ سالہ مسلم بچی، جس کو اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا اس کے لیے آواز بلند کی ہے۔ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے سونم کپور کی نئی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کا بائیکاٹ کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر آج کل ’Ask me a question‘ کا رجحان کافی مقبول ہے اسی حوالے سے گزشتہ روز سونم کپور کے انسٹاگرام پر ان کے مداحوں نے سونم سے کچھ سوال کیے جس کا انہوں نے بھرپور ’دبنگ‘ انداز میں جواب دے کر سب کو حیران کردیا۔

جب سونم سے مسلمانوں اور پاکستان کے بارے میں سوال کیاگیا تو انہوں نے اپنے جواب سے جہاں لوگوں کو حیران کیا وہیں کچھ انتہا پسند ہندو ان کی مخالفت میں کھڑے ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک صارف کی جانب سے پوچھا گیا کہ ’آپ مسلمانوں سے محبت کرتی ہیں ؟‘ تو انہوں نے جواب میں کہا ’میں تمام مذہب اور عقائدسے تعلق رکھنے والے لوگوں سے محبت کرتی ہوں، اور یہی مجھے میرے مذہب نے سیکھایا ہے۔‘

دوسرا سوال ان سے پوچھا گیا کہ ’کیا وہ اپنے پاکستانی فالورزکو پسند کرتی ہیں؟‘ جواب میں انہوں نے کہا کہ’پاکستان سے بہت محبت ہے اور بہت دل کرتا ہے کہ پاکستان آئوں۔‘

سونم کے ایک اور مداح نے ان سے پوچھا کہ ’آپ سب کو ہمیشہ خوش کیسے رکھ لیتی ہیں؟‘ اس پر انہوں نے کہا کہ ’میں سب سے متاثر ہوجاتی ہو ں، اور اگر آپ خوش ہیں تو دوسروں کو خوش رکھنا مشکل نہیں۔‘

تمام سوالوں کے جواب دینے کے بعد سونم نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک اور تصویر بھی شئیر کی ہے جس میں وہ اور آنند آہوجا ایک ساتھ بے حد خوش نظر آرہے ہیں۔