کراچی میں جشن آزادی: سڑکوں پر غیر معمولی ٹریفک ،شہریوں کا ہلہ گلہ

August 14, 2018

کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر شہریوں کی غیر معمولی دلچسپی رہی اور سڑکوں پر غیر معمولی ٹریفک دیکھ کر لگ رہا تھا کہ پورا شہر ہی جشن آزادی منانے نکل کھڑا ہواہے۔

رات گئے تک شہر کے مختلف علاقوں خاص طور پر تفریحی مقامات پر شہریوں کی غیرمعمولی آمدورفت رہی، زیادہ تر لوگ خاص طور پر نوجوان اور بچے پاکستانی پرچم سے مشابہت رکھتے سبز لباس زیب تن کئے انتہائی پر جوش تھے۔

بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے جشن آزادی کے حوالے سے شہریوں کی موج مستی اور نوجوانوں کی ٹولیوں اور ریلیوں کی کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں میں ٹریفک متاثر ہوا، کئی علاقوں میں تو ٹریفک جام کی سی صورتحال رہی ۔

شہریوں کی بڑی تعداد خاص طور پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دینے کے لیے پہنچی جس کی وجہ سے مزار قائد کے اطراف کے علاقے میں دن بھر ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی، مزار قائد سے متصل نیو ایم اے جناح روڈ کی پیپلز سیکریٹیریٹ چورنگی، گرومندر اور نمائش چورنگی پر لگ بھگ پورا ہی دن ٹریفک جام رہا۔

ہر تہوار کے دن کی طرح پی اے ایف فیصل بیس اور کارساز میوزیم بھی لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی جس کی وجہ سے شاہراہ فیصل پر کارساز فلائی اوور کے نیچے ٹریفک کی روانی کافی متاثر ہوئی۔

جشن آزادی کے روایتی جوش و خروش کی وجہ سے پولیس کی جانب سے بھی شہریوں سے سختی دیکھنے میں نہیں آئی، شہر بھر میں ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک اور ضلعی ایس ایس پیز کو بھی سڑکوں پر نکلنا پڑا۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد اسحاق جہانگیر کے مطابق تمام ایس ایس پیز اپنے علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے موجود رہے،وہ خود بھی شہر کے دورے پر رہےجبکہ صورتحال رات 9 بجے کے بعد معمول پر آنا شروع ہو گئی تھی تاہم ٹریفک کی روانی نوجوانوں کے ہلے گلے اور موج مستی کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی۔