میرا مشن پورا ہوگیا، بزنس کروں گا،جہانگیر ترین

August 18, 2018


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ان کا کام پورا ہوچکا ہے، اب وہ گھر بیٹھ کر فارمنگ اور بزنس کریں گے۔

نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے قبل ایک بیان میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ 'میرا کام پورا ہوگیا،21 تاریخ کو ملک سے باہر جا رہا ہوں۔

25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے بعد اگرچہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی تاہم وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے پارٹی کو اکثریت دلانے اور نمبر گیم پورا کرنے میں جہانگیر ترین کا کردار بے شک اہم تھا جنہوں نے آزاد امیدواروں کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے سرتوڑ کوشش کی اور کامیاب بھی ہوئےتاہم جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ اس سب میں 'میرا کوئی کردار نہیں، میرا ایک مشن تھا، جو پورا ہوگیا۔

اگرچہ جہانگیر ترین نے پارٹی اور عمران خان کے لیے بے حد کوششیں کیں لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل کیے جانے کی بناء پر وہ خود حکومت کا حصہ نہیں بن سکتے۔اس حوالے سے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ 'میں اب گھر بیٹھوں گا ،فارمنگ کروں گا اور بزنس کروں گا۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ 'عمران خان نے 22 سال انتھک محنت کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پی ٹی آئی کا 100 دن کا پلان تیار ہے اور مجھے اعتماد ہے کہ سب کی نیتیں صاف ہیں۔