اسلام آباد ہائیکورٹ،وزیر اعظم ہائوس کی گاڑیوں کی نیلامی روکنے کی درخواست مسترد

September 12, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) حکومت کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم بیک وقت درجنوں گاڑیاں استعمال نہیں کر سکتے اس لئے وزیراعظم ہائوس کی اضافی گاڑیوں کی نیلامی کی جا رہی ہے جن کی مالیت کروڑوں میں ہے اور یہ گاڑیاں مقروض قوم پر ایک بوجھ ہیں۔ منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے ایک شہری کی جانب سے وزیراعظم ہائوس کی گاڑیوں کی نیلامی رکوانے کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ گاڑیوں کی نیلامی سے غیر ملکی مہمانوں کا پروٹوکول متاثر ہو گا اور عوام کے پیسے پر اضافی بوجھ بھی پڑے گا لہٰذا نیلامی رکوانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔