ایشیا کپ سپر فور،پاکستان کی بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ

September 23, 2018

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے،سپر فور مرحلے کے اس میچ کی فاتح ٹیم کی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کا فائنل کھیلنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

پول میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاںکی گئی ہے ، فاسٹ بولر عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ شاداب خان فٹنس ٹیسٹ میں کامیاب ہونے کے بعد حارث سہیل کی جگہ واپس ٹیم میں شامل ہو ئےہیں ۔

ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت کاپاکستان کیخلاف پلہ بھاری ہے اس نے پاکستان کوسات مرتبہ شکست دی ہے جبکہ پاکستان نے بھارت کو چار مرتبہ زیر کیا ہے۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جانے والے میں ممکنہ پاکستانی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد ، فخر زمان، امام الحق، شعیب ملک، بابراعظم، شاداب خان ، محمد نواز، آصف علی، شاہین آفریدی، حسن علی اورمحمد عامر شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم کپتان روہت شرما، شیکر دھون، مہندرا سنگھ دھونی،دنیش کارتھک، بھونیشور کمار، شاردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، خلیل احمد، امباتی روئیڈو، اور یزویندرا چاہل پر مشتمل ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ہائی وولٹیج میچ کیلئے سابق اور موجودہ کرکٹرز نے قومی ٹیم کومختلف مشورے دیئے ہیں،کسی کھلاڑی نے بیٹنگ کی خامیوں پر قابو پانے کا مشورہ دیا ہے تو کسی نے فیلڈنگ پر توجہ دلائی ہےتاہم سب کے دلوں میں موجود خواہش ایک ہی ہے کہ پول میچ میں شکست کا بدلہ ضرور لینا چاہئے۔