حکومت عوامی مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر چاہتی ہے، گورنر سندھ

September 23, 2018

گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوامی مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لئے پر عزم ہےاور اس ضمن میں اتحادی جماعتوں کی آرا ءکو شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات گورنر ہائوس کراچی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما بیرسٹر حسنین مرزا کی قیادت میں 9 رکنی وفد سے ملاقات میں کہی ،وفد میں عارف جتوئی،شہریار مہر، نصرت سحر عباسی اور عبدالرزاق راہموں شامل تھے۔

ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، ترقیاتی ضروریات اور کم ترقی یافتہ اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر منصوبوں کے آغاز پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پرگورنر سندھ کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ارکان سندھ اسمبلی اپنے علاقوں کے لئے ترقیاتی منصوبے تیار کریں، وہ جلد ہی سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ کرکے وہاں کی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم صوبہ سندھ کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کرتا دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔