’’مضبوط بلدیاتی نظام کا حامی ہوں‘‘

October 11, 2018

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ اختیارات کے جو مسائل ہیں ان پر کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا، سعید غنی نے کہا کہ میں ’مضبوط بلدیاتی نظام کا حامی ہوں‘۔

کے ایم سی ہیڈ آفس میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور میئر کراچی وسیم اختر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مل کر آگے بڑھیں گے تو مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوں گے، جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کے لیے بھرپور معانت کروں گا، ہم نے آگے بڑھنا ہے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔

وسیم اختر نے کہا کہ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی ہے اور میں پرامید ہوں کہ مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایک تاثر تھا کہ وزیر بلدیات سندھ میئر سے ملاقات نہیں کرتے، وسیم اختر سے ملاقات کے بعد یہ تاثر ختم ہوجانا چاہیے اور ملاقاتوں کا سلسلہ ابھی شروع کیا ہے پہلی ملاقات میئر کراچی سے ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقی شہروں میں جا کر دیگر منتخب نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کروں گا، میئر کراچی سے ہماری بات چیت ہوتی رہی ہے، ناراضی کا کوئی ایشو نہیں ہے ہماری ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ میں نے میئر کراچی کو یقین دہانی کروائی کہ کوئی زیادتی نہیں ہوگی، میئر کراچی یا صوبائی وزیر کسی جماعت کا نہیں عوام کے ہیں، اختیارات کے جو مسائل ہیں ان پر کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قانون میں موجود جو چیزیں ہیں وہ میئر کراچی کو فراہم کی جائیں گی، جو نظام ہمارے پاس موجود ہے اس میں رہتے ہوئے کام کریں گے، شہریوں کے مفادات پر میری میئر کراچی سے کوئی لڑائی نہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم نے مل کر آگے بڑھنا ہے کوئی کسی بھی جماعت سےتعلق رکھتا ہو، کراچی کے مسائل اولین ترجیح ہے، مل کر مسائل حل کریں گے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ بلدیاتی مسائل موجودہ قانون کے ماتحت ہی حل کر سکتے ہیں، جو قانون کے تحت میئر کے اختیارات نہیں اس پر بعد میں بات ہوگی، جو اختیارات ہیں اور میئر کو نہیں مل رہے دلانے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ مل کر اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ذمہ داریاں نبھائیں گے، اسمبلی اس قانون کو پاس کرتی ہے جسے وہ بہتر سمجھتی ہے۔ موجودہ قانون میں مزید بہتری کے لیے طریقہ کار موجود ہے، ’مضبوط بلدیاتی نظام کا حامی ہوں‘۔