عالمی تجارت کےلئے امن کا قیام ناگزیرہے،شاہ محمودقریشی

October 12, 2018

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی تجارت کے لئے امن کا قیام ناگزیر ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک کے لئے پاکستان میں بڑے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اور ایس سی او ممبر ممالک کو بڑے ثمرات حاصل ہوںگے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا پلیٹ فارم خطے میں قیام امن کیلئے اہم ہے، افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان کے لئے اہم ہے۔

ان کا یہ بھی کہناتھاکہ پاکستان ایس سی او کانٹیکٹ گروپ کی بھرپور حمایت کرتا ہے، تنظیم کے رکن ممالک کے مابین تجارتی روابط پر پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے، موجودہ حکومت کا معاشی ایجنڈا پاکستانی عوام سمیت خطے کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔