ویٹیکن کے سفارتخانے سے ہڈیاں برآمد 35 سال قبل لڑکی کی گمشدگی کا کیس حل ہونے کی امید

November 01, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک) اٹلی میں ویٹیکن سٹی کے سفارت خانے سے انسانی ہڈیاں برآمد ہونے کے بعد ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ 35؍ سال قبل لاپتہ ہونے والی 15؍ سال کی لڑکی کا کیس حل ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

غیر ملکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تعمیرات کے کام پر مامور مزدوروں کو اٹلی میں ویٹیکن کے سفارت خانے سے انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔

تفتیش کاروں نے اسے ایک بریک تھرو قرار دیا ہے۔ 1983ء میں ایمانوئیلا اورلانڈی اور میریلا گریگری لاپتہ ہوگئی تھیں جن کا آج تک سراغ نہیں ملا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ باقیات کا جائزہ لے کر عمر اور جنس کا تعین کیا جا رہا ہے۔

حکام نے برآمد ہونے والی ہڈیوں اور دانتوں کے ڈی این اے کیلئے بھی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

اورلانڈی ویٹیکن سٹی کے ایک پولیس والے کی بیٹی تھی اور وہ 22؍ جون 1983ء کو لاپتہ ہوگئی تھی۔

گمشدگی کے بعد یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ویٹیکن حکام سے تاوان وصول کرنے کیلئے کسی جرائم پیشہ گروہ نے لڑکی کو اغوا کیا ہے۔