’’خالد مقبول سپہ سالار، فاروق ستار کارکن ہیں‘‘

November 10, 2018

ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ اصولوں سے انحراف کرنے والا بھلا پارٹی میں کیسے رہ سکتا ہے، خالد مقبول ایم کیو ایم کےسپہ سالار اور فاروق ستار کارکن ہیں۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹے اور من گھڑت الزامات کا دفاع کرنے آج عدالت آئے تھے، اب گواہان نے ثابت کرنا ہے کہ ہم مجرم ہیں کہ نہیں، مجھے نہیں لگتا کہ کوئی گواہ پیش ہوگا۔

فاروق ستار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کے اختیارات کسی کو نہیں ملے، پارٹی میں سب کارکنان ہیں جب کہ خالد مقبول ایم کیو ایم کے سپہ سالار اور فاروق ستار کارکن ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے اگر 22 اگست کا حساب دیا تو بھی سب مشکل میں پڑ جائیں گے لہٰذا ایم کیو ایم پاکستان کی کردار کشی میڈیا پر نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کی بنیادی رکنیت ختم کردی جبکہ کارکنوں کو فاروق ستار سے کسی قسم کا میل جول نہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔