• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’عامر خان، کنور نوید بتائیں ان کے کتنے اثاثے ہیں؟‘‘

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ مجھ سے جان چھڑانے کی کوشش بہت پہلے سے جاری ہے، عامر خان اور کنور نوید بتائیں کہ ان کےکتنے اثاثے ہیں؟

کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک ہفتے میں کچھ لوگوں کی دبئی میں جائیدادوں کی تفصیل بتانے کی دھمکی بھی دے دی۔

فاروق ستار نےکہا کہ مائنس ون تو حادثاتی طور پر ہوا لیکن مائنس ٹو کی تیاری ایک سال سے کی جا رہی تھی،پارٹی پر کچھ لوگوں کا قبضہ ہے اور مجھ سے جان چھڑانے کی کوشش بہت پہلے سے جاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی اور رابطہ کمیٹی پر کچھ لوگوں قابض ہیں، تنظیم کے نظریے اور منشور کو نقصان پہنچ رہا ہے، رابطہ کمیٹی اپنے فیصلوں کے باعث اپنا اعتماد کھو چکی ہے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ اب ایم کیو ایم میں انٹرا پارٹی الیکشن ہونے چاہئیں، پارٹی کے لاکھوں کارکن ان تمام فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں، ہم سیاسی و جمہوری طریقے سے پارٹی چلانا چاہتے ہیں، میں نے کسی کی دم پرپاؤں نہیں رکھا جو لوگ تلملا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 23 اگست کے بعد ایم کیو ایم کی سربراہی سنبھالی تو پتا چلا کہ پارٹی میں کیا کچھ ہو رہا ہے، سب کو متعدد بار سمجھایا کہ آپ لوگ انسان بن جائیں۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں کامران ٹیسوری کا نام سینیٹ امیدوار کے طور پر لیے جانے پر ڈاکٹر فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان اختلافات سامنے آئے۔

بعد میں فاروق ستار کو انتخابات 2018ء میں شکست ہوئی اور ضمنی انتخابات میں انہیں پارٹی نے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیو ایم نظریاتی بنانے کا بھی اعلان کر چکے ہیں جبکہ ان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی پیشکش کا دعویٰ بھی سامنے آچکا ہے۔

گزشتہ روز ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ڈاکٹر فاروق ستار کی بنیادی رکنیت ختم کرکے انہیں پارٹی سے باہر کر دیا ہے۔

تازہ ترین