مریض کو کسی اور کی رپورٹ دے دینے پرپنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے فیصل آباد کے ہسپتال کو5لاکھ روپے جرمانہ کر دیا

November 16, 2018

لاہور (خصوصی نمائندہ)کسی دوسرے مریض کی رپورٹ پرعلاج اور آپریشن کا فیصلہ کرنے پرپنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی علاجگاہ کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جگر کے عارضے میں مبتلاممتاز علی نے کمیشن کو درخواست دی کہ اپنے معالج کی ہدایت پر اس نے فیصل آباد کے شفاانٹرنیشنل ہسپتال سے سی ٹی سکین اورایکسرے کروائے ۔اِن نتائج کی بنیاد پر اس کا علاج شروع کر دیا گیا اور جگر کی پیوندکاری کا فیصلہ بھی کیا گیا مگر مزید طبی معائنے کرنے پر ہسپتال کی رپورٹیں غلط ثابت ہوئیں اور یہ بھی معلوم ہوا کہ ممتاز کو کسی دوسرے مریض کی رپورٹیں تھما دی گئی تھیں۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی تحقیقات اور ماہرین کی رائے میں شکایت درست ثابت ہونے ،معیاری ضابطہ ٔ کار کی خلاف ورزی کرنے،ممتاز کو دوسرے مریض کی رپورٹ دینے اور فراہمیِ صحت کے کم سے کم معیارات پر عمل درآمد نہ کرنے پر فیصل آباد کےشفاانٹرنیشنل ہسپتال کوپانچ لاکھ روپے جرمانہ کردیا گیا۔