اورنج لائن کیس، 10دن میں ادائیگی پر فیصلہ کرنے کی ہدایت

November 17, 2018

سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں اورنج ٹرین منصوبے پرازخود نوٹس کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے 10دن میں پیسوں کی ادائیگی سے متعلق فیصلہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں اورنج ٹرین منصوبے پرازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کی۔

دورانِ سماعت منصوبے کے ٹھیکیدار کے وکیل نعیم بخاری نے بیان دیا کہ پیسے نہ ملنے کی وجہ سے اورنج لائن پر کام بند ہے۔

انہوں نے عدالت کے روبرو بتایا کہ بروقت ادائیگی نہ ہوئی تو منصوبے کی لاگت مزید بڑھ جائے گی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کے گوش گزار کیا کہ تمام فریقین سے اس حوالے سے مذاکرات ہو رہے ہیں ، امید ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ ٹھیکیداروں کے لیے پیسہ خون کی حیثیت رکھتا ہے، 10دن میں پیسوں کی ادائیگی سے متعلق فیصلہ کر کے رپورٹ عدالت کو پیش کی جائے۔