’’میں نے کئی مرتبہ یو ٹرن لیا ہے‘‘

November 17, 2018

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں نے کئی مرتبہ یو ٹرن لیا ہے، حالات کی مناسبت سے فیصلے کیے جاتے ہیں۔

صدر مملکت نے یہ بات لاہور کے شاپنگ مال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ مقامی شاپنگ مال گئے جہاں انہوں نے کافی بھی پی۔


اس موقع پر شہریوں نے صدر مملکت اور ان کی اہلیہ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم کے یو ٹرن لینے کے بیان کے حوالے سے صدر مملکت کا کہناتھا میں نےزندگی میں کئی موقع پر یوٹرن لیا ہے۔

لاہور میں ایک تقریب کے دوران صدر مملکت عارف علوی نے انتخاب جیتنے کے لیے ایک پیر کے پاس جانے کا قصہ بھی سنایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ہٹلر اور نپولین نے یوٹرن نہ لے کر بڑا نقصان کیا، وہ لیڈر ہی نہیں، جو یو ٹرن لینا نہیں جانتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جرمنی کے ہٹلر اور فرانس کے نپولین نے یوٹرن نہ لے کر بڑی شکست کھائی۔