خیبرگرلز میڈیکل کالج کے افسران کیخلاف ایف آئی آر کالعدم

December 07, 2018

پشاور(نیوزرپورٹر)پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقاراحمدسیٹھ اور جسٹس مسرت ہلالی پرمشتمل ڈویژن بنچ نے خیبرگرلز میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل ،چیف پرووسٹ اورایڈمن آفیسرکیخلاف ایف آئی آرکے اندراج سے متعلق عدالتی حکم کالعدم قرار دیدیا۔فاضل بنچ نے بیرسٹرامیراللہ چمکنی کی جانب سے دائر شیرعبداللہ وغیرہ کی رٹ کی سماعت کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیاکہ کالج کی ایک وارڈن صباء میمونہ نے انہیں دھمکانے اور زدوکوب کرنے سے متعلق 22Aکی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے درخواست گزارسمیت تین اعلیٰ افسران کیخلاف ایف آئی آرکے اندراج کاحکم دیاجوکہ غیرقانونی ہے عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر رٹ منظورکرلی اورایف آئی آرکے اندراج سے متعلق حکم کالعدم قرار دیدیا۔اسی طرح مذکورہ عدالت نے آئی ایم سائنسز کے ٹیچر اوراس کے ضامنوں کیخلاف ایف آئی اے کی جانب سے معاہدے کی پاسداری سے متعلق مقدمے کا اندراج بھی کالعدم قرار دیدیادرخواست گزاروں رستم وغیرہ کے وکیل امیراللہ چمکنی نے عدالت کوبتایاکہ اسکاایک موکل شاکراللہ بیرون ملک سکالرشپ پر گیاقانون کے تحت انہیں پانچ سال یہاں پر پڑھاناتھا مگرانہوں نے یہاں پر جوائن ہی نہیں کیا‘عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ایف آئی آرمنسوخ کردی اور رٹ منظورکرلی۔