لگسمبرگ کا تمام پبلک ٹرانسپورٹ مفت چلانے کا منصوبہ

December 08, 2018

لگسمبرگ سٹی(این این آئی)لیگزمبرگ دنیا کا پہلا ملک بننے جا رہا ہے جہاں پبلک ٹرانسپورٹ مفت ہو گی۔ یہ اقدام کی حکومت کی پیش کردہ تجاویز کے ضمن میں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم ژاویر بیٹل کے حکومتی اتحاد نے بتایاکہ آئندہ برس 2020 کے موسم گرما سے ملک میں تمام ٹرینوں، بسوں اور ٹراموں میں سفر کو مفت کر دیا جائے گا۔بیٹل نے دوسری مدت کے لیے ملک کے وزیراعظم کا دفتر سنبھالا ہے۔ اکتوبر میں ہونے والے انتخابات کے دوران ماحولیاتی تحفظ ڑاویر بیٹل کی مہم کا اہم حصہ تھا۔حکومت کی نئی پالیسیوں میں خدمات عامہ کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ، دو نئی تعطیلات کا اعلان اور بھنگ کے تفریحی استعمال کو قانونی حیثیت دینا بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ دارالحکومت لیگزمبرگ سٹی کی آبادی صرف 1.1 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے تاہم اس کے باوجود یہ ٹریفک جام کی بدترین صورت حال سے دوچار ہے۔ روزانہ تقریبا 4 لاکھ افراد کام پر جانے کے لیے یہاں سے گزرتے ہیں۔مفت سفر کی خدمات فراہم کرنا حکومت کے پاس آخری راستہ ہے جس کے ذریعے وہ لوگوں کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ملک میں 20 برس سے کم عمر افراد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پہلے ہی مفت ہے۔ بقیہ مسافر بھی دو گھنٹے کے سفر کے واسطے اس وقت صرف 2 یورو کی ادائیگی کرتے ہیں۔لیگزمبرگ کو یورپی یونین کا دوسرا امیر ترین ملک شمار کیا جاتا ہے۔