من موہن سنگھ کے بعد ’نریندر مودی‘ کی تیاری

January 05, 2019

بھارت میں الیکشن قریب آتے ہی وزیر اعظموں پر مبنی فلمیں بننے کا رجحان تیز ہو گیا ہے، پہلے اداکار انوپم کھیر نے فلم ’ ایکسیڈینتل پرائم منسٹر‘ میں سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کا کردار ادا کیا اور اب وویک اوبرائے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بائیو پک میں اہم کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


رواں سال بھارت میں ہونے والے الیکشن کی تیاریوں کاشور بالی ووڈ میں بھی سنا جا رہا ہے،یہاں تک کہ مختلف سیاست دانوں کی سوانح حیات پر فلمیں بنائی جارہی ہیں۔

بھارتی فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئٹر پر بتایا کہ بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے نریندر مودی پر بننے والی فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ میں وویک آنند اوبرائے کے نام سے مرکزی کردار ادا کریں گے۔

ترن آدرش نے کہا کہ اُمنگ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کا پہلا پوسٹر رواں ماہ 7 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا جسے سندیپ سنگھ پروڈیوس کریں گے جب کہ فلم کی شوٹنگ بھی رواں ماہ کے وسط میں شروع ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات سمیت اتھرا کھنڈ اور ہماچل پردیش میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پہلے بھارتی انتہا پسند جماعت شیوسینا کے سربراہ بال ٹھاکرے کی زندگی پر مبنی فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا جس میں سربراہ کا کردار نواز الدین صدیقی ادا کر رہے ہیں جس کے بعد ’ ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر‘ کے نام سے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کی سوانح حیات پر مبنی فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا تاہم دونوں فلموں کو متنازع کہانی کی بدولت ریلیز سے قبل ہی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔