چیف جسٹس کا نیئر رضوی سے’مجھے کیوں نکالا‘ پر مکالمہ

January 10, 2019

سپریم کورٹ میں فارم ہاؤسز پر تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان اور نیئر رضوی کے درمیان ’مجھے کیوں نکالا‘ پر دلچسپ مکالمہ ہوا۔

چیف جسٹس پاکستان میاںثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ اسلام آباد میں فارم ہاؤسز پر تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں سی ڈی اے نے فارم ہاوسز پر زائد تعمیرات سےمتعلق اپنی رپورٹ پیش کی۔

دوران سماعت سی ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں کل 478 فارم ہاؤسز ہیں، 117 فارم ہاؤسز میں قواعد سے ہٹ کر زائد تعمیرات کی گئیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم نےتعمیر کی حد12,500 مربع فٹ مقررکی تھی، اس سے زائد پر 7000 روپےفی مربع فٹ جرمانہ عائد کیا تھا، عمارتیں گرانے سے لوگوں کا نقصان ہوگا، ہم چاہتے ہیں ریگولرائزئیشن کیلئے سی ڈی اے کو پیسے دیں، ہم سی ڈی اے کو امیر کرنا چاہتے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر برآمدے گرائے گئے تو پوری عمارت کو نقصان ہوگا۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کورنگ دریا سے تجاوزات ختم ہوگئیں؟ اس پر سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے بتایا کہ کورنگ دریا سے تجاوزات ہٹانے کے لیے 22 دسمبر کی تاریخ دی گئی تھی۔

نیئر رضوی نے کہا کہ کورنگ دریا سے تجاوزات ہٹانے کے کیس کی وجہ سے مجھے نکالا گیا، اس پر چیف جسٹس نے ان سے مکالمہ کیا کہ ’آپ کو کیوں نکالا‘، جس پر نیئر رضوی نے بھی مسکراتے ہوئے جواب دیا ’جی مجھے کیوں نکالا‘۔

اس موقع پر عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔